ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 26 نومبر سے پہلے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کرائے جائیں گے: چیف الیکشن کمشنر

26 نومبر سے پہلے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کرائے جائیں گے: چیف الیکشن کمشنر

Sun, 29 Sep 2024 11:08:16    S.O. News Service

ممبئی،  29/ستمبر (ایس اونیوز /ایجنسی ) چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) راجیو کمار نے اعلان کیا ہے کہ مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات 26 نومبر سے پہلے منعقد کیے جائیں گے۔ یہ بات اہم ہے کہ مہاراشٹر اسمبلی کی میعاد 26 نومبر کو ختم ہو رہی ہے، اور نئی حکومت کا قیام آئینی طور پر لازمی ہے۔ حالانکہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں کیا، جس کی وجہ سے مختلف خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ تاہم، سنیچر کو منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں، چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ اسمبلی انتخابات 26 نومبر سے پہلے ہی ہوں گے اور اس تاریخ سے قبل نئی حکومت بھی تشکیل دی جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے 26 ستمبر سے ممبئی کا سہ روزہ دورہ کیا تھا، جس کے آخری دن انہوں نے ممبئی کے ہوٹل ٹرائیڈینٹ میں پریس کانفرنس کر کے یہ معلومات فراہم کیں۔

 پریس کانفرنس شروع ہونے سے قبل اچانک ہوٹل کی لابی میںسائرن بجنے لگا اور تقریباً ایک منٹ بعد بند ہوا توچیف الیکشن کمشنر نے مذاقاً کہاکہ ابھی الیکشن کا بگل نہیں بجا۔ کوئی اسے الیکشن کا بگل نہ سمجھے۔ اس پر کانفرنس ہال قہقہہ زار ہو گیا۔ پریس کانفرنس میں راجیو کمار نے یقین دہانی کرائی کہ اسمبلی  انتخابات۲۶؍ نومبر سے قبل ہوجائیں گے آپ لوگ بے فکر رہیں۔

  اس دوران سی ای سی نے یہ اہم اعلان بھی کیا کہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے تمام امیدواروں کو اپنے   جرائم کی تفصیل ۳؍ اخباروں میں شائع کروانی ہو گی تاکہ ان سے عوام مطلع رہیں۔    چیف الیکشن کمشنر   نے کہاکہ الیکشن کی تیاریوں کے تعلق سے ۱۱؍سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کی گئی  تھی جس میں اکثریت نے یہ درخواست کی ہے کہ دیوالی ، چھٹ پوجا اور اسی طرح دیگر تہواروں کو ذہن میں رکھ کر الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے ۔ اسی کے ساتھ ہی الیکشن کیلئے ہفتہ واری چھٹی سے جوڑ کر دن کا تقرر نہ کیاجائے ورنہ شہری چھٹی منانے چلے جاتے ہیں۔

 سی ای  سی نے لوک سبھا انتخابات میں ممبئی کے قلابہ میں محض ۴۰؍ فیصد پولنگ، کلیان میں ۴۱؍ فیصد، ممبادیوی میں ۴۴؍ فیصد اور کرلا میں بھی  صرف ۴۴؍ فیصد پولنگ ہونے پر تشویش کااظہار کیا اور شہریوںسے زیادہ سے زیادہ پولنگ کرنے کی اپیل کی۔  جب چیف الیکشن کمشنر سے یہ پوچھا گیا کہ چند اسمبلی حلقوں میں سست پولنگ کی شکایات سامنے آئی تھیں ایسے میںاس بار ایسا نہ ہو اس کیلئے کیا انتظام ہے؟ تو انہوں نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا ۔
 ڈی جی پی رشمی شکلا  اورجو افسران ایکسٹینشن  پر ہیں ان کے تعلق سے سی ای  سی نےکہا کہ کیس ٹو کیس بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔


Share: